نئی دہلی، 10؍نومبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )حکومت نے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس شروع ہونے سے ایک دن پہلے 15؍نومبر کو کل جماعتی میٹنگ بلائی ہے۔اس میں 500اور 1000کے نوٹوں بند کئے جانے، سرجیکل اسٹرائیک اور تین طلاق جیسے اہم مسائل پر بحث ہو سکتی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ حکومت نے 15؍نومبر کو کل جماعتی میٹنگ بلائی ہے۔اس میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اورمختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے شامل ہو سکتے ہیں۔مانسون سیشن عام طور پر نومبر کے تیسرے یا چوتھے مہینے میں شروع ہوتا ہے ، لیکن اس بار یہ قبل از وقت 16؍نومبر سے ہی شروع ہو رہا ہے۔سیشن کے قبل از وقت شروع کرنے کا مقصد مرکزی جی ایس ٹی(سی جی ایس ٹی)اور مربوط جی ایس ٹی(آئی جی ایس ٹی)کو جلد سے جلد پاس کروانا ہے تاکہ گڈس اور سروس ٹیکس (جی ایس ٹی)کا راستہ صاف ہو سکے۔اس سیشن کے دوران کچھ مسائل خاص طور پر حاوی رہیں گے مثلا فوج کی طرف سے کئے گئے سرجیکل اسٹرائیک اور اس الزام پر کہ حکومت اس کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے، دوسرا 500اور 1000روپے کے نوٹوں کو بند کیا جانا۔حکومت اگلے سال سے بجٹ سیشن کے قبل از وقت انعقاد پر بھی غور کر رہی ہے۔اسے وقت سے ایک ماہ پہلے یا جنوری سے شروع کیا جا سکتا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جی ایس ٹی سے منسلک قوانین کے علاوہ 15نئے بل بھی پیش کئے جا سکتے ہیں۔حکومت شترو جائیداد ایکٹ میں ترمیم کے لیے آرڈیننس منظور کرنے پر بھی زور دے گی۔دسمبر میں مرکز نے پچاس سال پرانے شترو جائیداد قانون میں ترمیم کے لیے چوتھی بار آرڈیننس لاگو کیا تھا۔یہ قانون جنگ کے بعد پاکستان جا چکے لوگوں کی جائیداد کی منتقلی اور جانشینی سے متعلق ہے۔